کویت میں کیمپنگ سیزن سے متعلق اہم اعلان سامنے آگیا، کویت میونسپلٹی کی کمیٹی نے بالآخر کیمپ لگانے کے لیے 19 سائٹس کی منظوری دے دی۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اپنی میٹنگ کے دوران، کویت میونسپلٹی کی کمیٹی نے ان سائٹس کا مطالعہ اور اپ ڈیٹ کیا جہاں کیمپنگ کی اجازت دی گئی ہے اور بالآخر کیمپ لگانے کے لیے 19 سائٹس کی منظوری دے دی گئی ہے جبکہ اس سال العیون علاقے کے قریب سابقہ سائٹس میں سے ایک کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
کیمپنگ سیزن کا آغاز اس سال 15 نومبر سے ہوگا جبکہ اگلے سال 15 مارچ تک جاری رہے گا جبکہ اس کی اجازت دو علاقوں شمال میں ایریا 10 اور جنوب میں ایریا 9 میں ہوگی۔
متعلقہ سطح پر، کویت میونسپلٹی کے شعبہ تعلقات عامہ نے اپنی خصوصی میڈیا مہم کے لیے 167 ”Mobi”بل بورڈز کی تنصیب کا انکشاف کیا۔ اسے ”آپ کے ہاتھ… ہمارے ہاتھوں میں ”کے عنوان اور ہیش ٹیگ ”#The_Plan_Clean”کے تحت شروع کیا گیا تاکہ اس سال کے کیمپنگ سیزن کے لیے موسم بہار کے کیمپ لگانے کی اجازت دی گئی جگہوں کی صفائی کو برقرار رکھنے کے بارے میں آگاہ کیا جا سکے۔
دوسری جانب کویت ریلیف سوسائٹی نے بڑا قدم اُٹھاتے ہوئے ’فضا برائے فلسطین‘ کے عنوان سے ایک مہم کے دوران 3,262,020 دینار (جو پاکستانی اربوں روپے بنتے ہیں) رقم اکٹھا کرلی ہے۔ یہ رقم مظلوم فلسطینیوں کے لئے مختص کی گئی ہے۔
کویت نیوز ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ مہم کویتی وزارت سماجی امور، امور خارجہ اور اطلاعات کے تعاون اور نگرانی میں منعقد کی گئی تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ اس مہم سے حاصل ہونے والی آمدنی صحت، غذائیت اور پناہ گاہ سمیت کئی شعبوں میں مدد کیلئے استعمال میں لائی جائے گی۔ خاص طور پر زخمی اور بے گھر ہونے والے افراد جو پناہ یا خوراک تلاش کرنے سے قاصر ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ غزہ کی پٹی میں امداد کی سب سے بڑی رقم پہنچانے کے علاوہ یروشلم اور مغربی کنارے تک امداد کی ترسیل کا رجحان ہے۔ اس مہم میں عطیہ کرنے والوں کی تعداد 60,000 سے تجاوز کر گئی ہے۔