پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی اتحادی جماعتیں سیاسی فورسز ہیں ہم انہیں خیرخواہی کا پیغام دے سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے رہنماؤں عامرخان اور وسیم اختر نے اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، سندھ بلدیاتی ایکٹ سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 4سال کی حکومت نے ثابت کیا ملک پیچھے کی طرف گیا ہے ملک کا بوجھ اٹھانا کسی کےبس کی بات نہیں حکومت کی اتحادی جماعتوں کو خیرخواہی کاپیغام دے سکتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین سے متصادم قانون سازی نہیں ہونی چاہیے ایم کیوایم ہو یا کوئی اورجماعت اس پر کسی کی دو رائے نہیں ہمیں دل کھول کرپوری ہمت کیساتھ عوام میں جاناچاہیے سیاست محض خواہشات کی بنیاد پر نہیں ہوا کرتی سیاست کےکچھ اصول اورکچھ طےشدہ خطوط ہوتےہیں آئین ہمیں وہ اصول دیتاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جوکچھ ہورہاہےوہ پاکستان کےمفادمیں نہیں نہ جانےآئندہ وقتوں میں پاکستان کو آزاد ریاست کہا بھی جا سکےگا یا نہیں پورےملک میں حق کانعرہ بلندہوگا۔
ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہمیشہ احترام کا رشتہ رہا ہے انہوں نے ہمیشہ شفقت کا ہاتھ رکھاہے ہم نے پرامن مظاہرہ کیا، ہماری خواتین پر شیلنگ اورلاٹھی چارج کیاگیا ہم صرف کراچی کی نہیں پورے سندھ کی بات کررہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ 22اگست کوایم کیوایم نےجوفیصلہ کیاوہ سوچ سمجھ کر کیا چاہےکوئی بھی شخصیت ہو پاکستان کیخلاف بات برداشت نہیں، پاکستان کےخلاف جو بولےگا اس کاساتھ نہیں دیں گے ماضی میں بھی حکومت کاحصہ رہےمگرکسی سےمطمئن نہیں رہے کارکردگی کا فیصلہ آنے والا الیکشن کر دے گا۔