اوٹاوا : کینیڈ ا کے وزیراعظم نے ملک کے چھوٹے کاروباری اداروں کو قرضوں کی ادائیگیوں میں مزید ایک سال چھوٹ دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کوویڈ 19 کی عالمی وبا کے دوران دیے گئے حکومتی قرضوں کی ادائیگیوں میں مزید ایک سال کی چھوٹ دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس فیصلے سے 7 لاکھ سے زائد چھوٹے کاروباری افراد کو فائدہ ہوگا، حکومتِ کینیڈا نے کووڈ کی وبا کے دوران 9 لاکھ چھوٹے کاروباروں کو مجموعی طور پر 49 ارب ڈالر کے بلاسود قرضے دیے تھے۔
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے نئے فیصلے کے مطابق اب قرضوں کی واپسی کیلئے دو سال کی مدت بڑھا کر تین سال کر دی گئی ہے۔
حکومت نے چھوٹے کاروبار کے مالکان سے کہا تھا کہ اگر وہ مقررہ وقت میں 40 ہزار سے 60 ہزار ڈالر کے قرضے واپس کر دیں گے تو انہیں 10 ہزار سے 20 ہزار ڈالر تک معاف کر دیے جائیں گے۔
حکومت کا کہنا تھا کہ جو قرض دار یہ سہولت نہ لینا چاہیں، وہ دو سال میں اپنے پورا قرضہ واپس کردیں۔ واضح رہے کہ چھوٹے کاروبار کے 21 فیصد مالکان اپنے قرضے اس سال پہلے ہی ادا کرچکے ہیں۔