نئی دہلی: بھارتی اینکر نے براہ راست نشریات کے دوران سکھ رہنما کو دھمکی دے دی۔
کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے بعد ایک اور سکھ رہنما سکھ دل سنگھ کو قتل کردیا گیا، انہیں کینیڈا کے علاقے ونی پیگ میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔
خالصتان کے حامی سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں گوردوارے کے سامنے اٹھارہ جون کو قتل کیا گیا تھا، خالصتان کے حامیوں نے ہردیپ سنگھ کے قتل کا بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں پر الزام عائد کیا تھا۔
ہردیپ سنگھ کے قتل کے خلاف سکھوں نے ٹورنٹو اور لندن سمیت دنیا بھر میں مظاہرے بھی کئے تھے۔
تاہم اب بھارتی اینکر دھمکیوں پر اتر آئے اور اینکر نے براہ راست نشریات کے دوران سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپت ونت سنگھ کو دھمکی دے دی۔
اینکر نے سکھ رہنما گرپت ونت سنگھ کو کہا کہ آپ کے خلاف بھی کارروائی ہوسکتی ہے۔
گرپت ونت سنگھ نے بھی ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’پیٹ پیچھے وار نہیں کرنا بتا دینا کب کارروائی کرنی ہے میں خود حاضر ہوجاؤں گا۔
خیال رہے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے جی ٹوئنٹی میں بھی معاملہ اٹھایا لیکن مودی نے کان نہ دھرا، ہردیپ سنگھ بھارت میں سکھوں پر مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے تھے اور خالصتان تحریک کے سرکردہ رہنما تھے۔