جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

یوکرائنی مسافر طیارے کی تباہی ، کینیڈین وزیراعظم کا ایران سے بڑا مطالبہ

اشتہار

حیرت انگیز

ٹورنٹو : کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ایران سے مطالبہ کیا ہے کہ ایرانی میزائل سے تباہ ہونے والے یوکرائنی مسافر طیارے کا بلیک باکس فرانس بھیجا جائے اور مرنے والوں کی باقیات بھی جلد کینیڈا پہنچنی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے نیوز کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ایران کے پاس بلیک باکس کا جلد تجزیہ کرنے کیلئے تکنیکی مہارت اور ضروری سامان موجود نہیں، درست معلومات کے جلد حصول کیلئے ایران کو بلیک باکس فرانس بھیجنا چاہیئے۔

ٹروڈو کا کہنا تھا کہ فرانس کا شمار ان چند ممالک میں ہوتا ہے ، جو طیارے کا ڈیٹا اور کاک پٹ کا ریکارڈ پڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ، بلیک باکس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ بری طرح تباہ شدہ ہے۔

کینیڈین وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایرانی حکام کو بلیک باکس کو فرانس بھیجنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ اس ضمن میں فرانس نے اپنی خدمات پیش کرنے کا وعدہ کر رکھا ہے۔

جسٹن ٹروڈو نے یہ عندیہ بھی دیا کہ طیارے کے ڈیٹا اور کاکپٹ ریکارڈروں کو فرانس بھیجنے پر اتفاق رائے قائم کرنے کا آغاز ہو چکا ہے تاکہ درست معلومات جلد حاصل کرسکیں۔

یاد رہے کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ اگر امریکا خطے میں تناؤ پیدا نہ کرتا تو آج طیارے حادثے میں مرنے والے زندہ ہوتے، امریکا نے عراق میں جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے حوالے سے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا تھا اور نہ ہی کارروائی کی پیشگی اطلاع دی۔

مزید پڑھیں : طیارہ حادثہ: کینیڈین وزیراعظم نے امریکا کو ذمہ دار قرار دیدیا

جسٹس ٹروڈو کا کہنا تھاکہ امریکی کارروائی کے بعد خطے میں کشیدگی بڑھی جس کے جواب میں ایران نے میزائل فائر کیے جس کا نشانہ مسافر طیارہ بن گیا، جب تنازعات بڑھتے ہیں اور جنگ ہوتی ہے تو خمیازہ معصوم عوام کو بھگتنا پڑتا ہے۔

خیال رہے دو روز قبل کینیڈا، یوکرین، سویڈن، افغانستان اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ نے برطانوی دارالحکومت لندن میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ نیوز کانفرنس کی تھی ، جس میں سوگوار خاندان کو معاوضہ دینے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔

واضح رہے ایران کی فضائی حدود میں یوکرینی مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا ،جس میں سوار 176 مسافر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے، اس جہاز میں کینیڈا سے تعلق رکھنے والے 62 مسافر سوار تھے۔

امریکا، کینیڈا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے گزشتہ روز الزام عائد کیا تھا کہ ایران نے طیارے کو میزائل سے نشانہ بنایا جس پر ایرانی حکام نے الزام کو بے بنیاد قرار دیا تھا، بعد ازاں  ایرانی ایرواسپیس کمانڈر علی حاجی زادے نے یوکرین طیارےکی تباہی کی ذمےداری قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ’جہاز کو غلطی سے نشانہ بنایا گیا کیونکہ سیکیورٹی حکام اُسے کروز میزائل سمجھ بیٹھے تھے۔

انہوں نے افسوسناک واقعہ پر پوری قوم سے معافی بھی مانگی جبکہ ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے بھی واقعے پر افسوس اور شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے معافی مانگی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں