اوٹاوا: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا ہے کہ کینیڈا نے بھارت کو سکھ رہنما کے قتل کی تفصیلات ہفتوں پہلے ہی بتادی تھیں، چاہتے ہیں بھارت اس معاملے پر تعاون کرے۔
تفصیلات کے مطابق کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اوٹاوا میں یوکرینی صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ایک بار پھر بھارتی ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک کردیا۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ ہردیپ سنگھ کے قتل سے متعلق جو ناقابل تردید الزامات بھارت پر لگائے ان کے بارے میں نئی دہلی کو کئی ہفتوں پہلے ہی آگاہ کردیا تھا اور شواہد بھی فراہم کردیئے تھے۔
کینیڈین وزیراعظم نے کہا کہ سکھ رہنما کے قتل کے بارے میں بھارت کو تفصیلات دے دی ہیں، اب چاہتے ہیں بھارت معاملے کی تہ تک پہنچنے میں تعاون کرے۔
گذشتہ روز کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اقوام عالم کے سامنے بھارت کو قانون کی حکمرانی کی اہمیت کا سبق دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایک کینیڈین شہری کوکینیڈین سرزمین پرقتل کیا گیا، ہمارے پاس بھارتی حکومت کے ایجنٹس کے قتل میں ملوث ہونے کا یقین کرنے کی مصدقہ وجوہات ہیں۔
جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا کہ کسی ملک کے لیے انتہائی وبنیادی اہمیت قانون کی حکمرانی میں ہے، ہماراآزادانہ انصاف کانظام ہے جس کے تحت کیس کو فالو کریں گے،
انھوں نے کہا تھا کہ سکھ رہنما کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد ہیں، بھارتی حکومت سےتوقع رکھتے ہیں کہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے ہمارےساتھ مل کر کام کرے۔