ٹورنٹو: کینڈین وزیر اعظم نے غیر ملکی مسافروں پر عائد سفری پابندیاں مشروط طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹن ٹروڈو نے جمعرات کے روز سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ستمبر کے مہینے سے مسافروں کو داخلے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ جن مسافروں نے کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوائیں صرف ان کو ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی جسٹن ٹروڈو نے وضاحت کی کہ اگر ویکسی نیشن اور عوامی صحت کی صورت حال ایسے ہی رہی تو ہم پابندی کو ختم کریں گے بصورت دیگر فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔
جسٹن ٹروڈو نے غیر ملکی مسافروں کی آمد پر پابندی ختم کرنے کے فیصلے سے اپنی جماعت کے صوبائی رہنماؤں کو بھی آگاہ کیا۔
جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ ’ہم نے امریکا سے بات چیت شروع کی ہے، جس کے تحت کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے امریکی شہریوں کو اگست کے وسط سے کینیڈا میں داخلے کی اجازت ہوگی اور کینیڈا کے مستقل رہائشیوں یا غیر مستقل رہائشیوں کو بھی اگست کے وسط سے سفر کی اجازت ہوگی‘۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اگر ویکسی نیشن اور صحت کی صورت حال اسی طرح سے بہتر رہی تو ستمبر سے ہم دیگر ممالک سے بھی مسافروں کو داخلے کی اجازت دیں گے۔
کینیڈا کے محکمہ صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مجموعی آباد میں سے اب تک 78 فیصد شہریوں کو ویکسین کی ایک خوراک لگا دی گئی ہے، جس میں 12 سال تک کی عمر کے بچے بھی شامل ہیں، اسی طرح چوالیس فیصد شہری وہ ہیں جنہیں ویکسین کی دونوں خوراکیں فراہم کی جاچکی ہیں۔