کینیڈا میں دنیا کے سب سے بڑے قدرتی آئس اسکیٹنگ ایریا کو گزشتہ دنوں دوبارہ سے کھول دیا گیا ہے۔
تفصیلا کے مطابق نیشنل کیپٹل کمیشن کا کہنا ہے کہ کینیڈا کا مشہور رائیڈو کینال اسکیٹ وے جو کہ دنیا کا سب سے بڑا قدرتی آئس اسکیٹنگ رنک (ایریا) ہے، اسے دو سالوں میں پہلی بار اتوار کی صبح اسکیٹنگ کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا میں میں واقع 7.8 کلومیٹر (4.9 میل) طویل رائیڈو کینال اسکیٹ وے کو پہلی بار 50 سال قبل کھولا گیا تھا، یہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ کا حصہ ہے۔
کینیڈا میں عام طور پر سخت سردی کے دوران اسکیٹنگ اور مہم جوئی کے شوقین افراد کے لیے یہ اسکیٹ وے کافی کشش رکھتا ہے۔
برف کی کمی کی وجہ سے پچھلے سیزن کے دوران 2023 کے اوائل میں پہلی بار ایسا ہوا تھا کہ اس قدرتی ایریا کو اسکیٹنگ کے لیے نہیں کھولا گیا تھا۔
این سی سی کے سی ای او ٹوبی نوسبوم نے کہا کہ ہماری ٹیم نے پچھلے سال جن مشکلات کا سامنا کیا تھا ان سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اس سال موسمی درجہ حرارت کو پیش نظر رکھتے ہوئے اقدامات کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
این سی سی کا کہنا تھا کہ پریٹوریہ برج اور بینک اسٹریٹ کے مقامات کے درمیان 1.9 کلومیٹر کا حصہ اسکیٹرز کے لیے کھلا رہے گا۔