کراچی : کینڈین ہائی کمشنر اور یو این ڈی او سی کے وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا،اس موقع پر190بلٹ پروف جیکٹساور ہیلمٹ سندھ پولیس کو دیئے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کینڈین ہائی کمشنر وینڈی گلمور اور اقوام متحدہ آفس برائے ڈرگس اینڈ کرائم (یو این ڈی او سی) کے عہدیدارن و نمائندگان پر مشتمل خصوصی وفد نے سینٹرل پولیس آفس کراچی کا دورہ کیا اور آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام سے ملاقات کی۔
آئی جی سندھ نے سینٹرل پولیس آفس میں منعقدہ تقریب تقسیم بلٹ پروف جیکٹس و ہیلمٹ میں کینڈین ہائی کمشنر اور اقوام متحدہ آفس برائے ڈرگس اینڈ کرائم کے عہدیداران اوردیگر مہمانوں کی آمد پر ان کااستقبال کیا اور لاجسٹکس سپورٹ کی بابت سندھ پولیس کے ساتھ تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
کینڈین ہائی کمشنر نے حکومت کینیڈا کے اشتراک سے 190 بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس سی ٹی ڈی پولیس کے لئے دیتے ہوئے کہا کہ استحکام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ جیسے اقدامات میں سندھ پولیس کے مجموعی امور واقدامات قابل ستائش اور تحسین ہیں۔
کینیڈین حکومت سندھ پولیس کی استعدادی صلاحیتوں کے فروغ اور اسے تقویت دینے کے عمل کو جاری رکھے گی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تعاون اور اشتراک باہمی کے اس سلسلے کو مذید دیرپا اور پائیدار بنائے گی۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ قیام امن کی راہ میں سندھ پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، میں بذات خود اور محکمہ سندھ پولیس کینیڈین حکومت اور اقوام متحدہ آفس برائے ڈرگس اینڈ کرائم کا تہہ دل سے مشکور و ممنون ہوں کہ انہوں نے سندھ پولیس کو190 بلٹ پروف جیکٹس اور ہیلمٹس دیئے اور سندھ پولیس کی امن وامان کے قیام کی خاطر کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اور اے أئی جی لاجسٹکس کے علاوہ رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس آفیسر برائے رابطہ،رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس پروگرام اسسٹنٹ اور سوشل سیکریٹری برائے ہائی کمشنر نے بھی شرکت کی۔