ٹورنٹو: کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کورونا وائرس کے پیش نظر اپنےآپ کو آئیسولیشن میں رکھنےکا فیصلہ کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین وزیراعظم نے یہ فیصلہ اہلیہ میں کورونا وائرس کی مشتبہ علامات کے باعث کیا ہے جو برطانیہ سے تقریب میں شرکت کر کے واپس آئی تھیں۔
اہلیہ صوفی گریگوئر ٹروڈو کو وطن واپسی پر ہلکا بخار اور زکام کی شکایت ہوئی جس پر انہیں مشتبہ قرار دے کر کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے گئے۔
وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے اہلیہ میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہونے پر خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ اہلیہ کے ٹیسٹ کی رپورٹ آنے تک خود کو گھر تک ہی محدود رکھیں گے۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ جسٹن ٹروڈو گھر سے ہی امور انجام دیں گے جب کہ خود وزیراعظم میں کورونا وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے ہلاکت خیز کورونا وائرس نے 140 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے اور کینیڈا بھی اس وبا کی زد میں آیا ہے۔
کینیڈا میں اب تک سو سے زائد کورونا وائرس کی تصدیق کی جاچکی ہے جب کہ متعدد کو مشتبہ قرار دیا گیا ہے، متاثرہ افراد کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔