کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے عوام سے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ صرف کینیڈا میں تیار کی گئی مصنوعات کا ہی انتخاب کیا جائے۔
اپنے ایک بیان میں جسٹن ٹروڈو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ لیبل چیک کریں اور اپنے ملک کی تیار کردہ مصنوعات خریدیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ بحیثیت اچھا شہری اپنا کردار ادا کریں جہاں بھی ہوسکے کینیڈا کا ہی انتخاب کریں۔
علاوہ ازیں کینیڈین وزیراعظم آفس سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ جسٹن ٹروڈو نے میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے امریکی صدر کی جانب سے ٹیرف میں اضافے سے متعلق بیان پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے باہمی تعلقات کے فروغ اور مشترکہ مفادات پر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ کینیڈا اپنا دفاع کرنا جانتا ہے، وہ ہر صورت اپنے ملک کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انھوں نے کہا تیل، قدرتی گیس اور بجلی سمیت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی توانائی پر بھی 10 فی صد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ نے میکسیکو اور کینیڈا کی درآمدات پر منگل سے 25 فی صد اور چین پر 10 فی صد ٹیرف نافذ کر دیا ہے، تاہم تیل، قدرتی گیس اور بجلی سمیت کینیڈا سے درآمد کی جانے والی توانائی پر 10 فی صد کی شرح سے ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ کینیڈا نے بھی اتنا ہی ٹیرف اور ٹیکس عائد کر دیا ہے۔
کینیڈا کی جانب سے امریکی الکحل اور پھلوں کی تجارت میں 30 ارب کینیڈین ڈالر پر ڈیوٹی منگل کو اس وقت لاگو ہوگی جب امریکی ٹیرف شروع ہوگا، جب کہ بقیہ 125 ارب کینیڈین ڈالر کی تجارت پر ڈیوٹی 21 دنوں میں لاگو ہوگی۔