اتوار, اپریل 13, 2025
اشتہار

کینالز پر بات نہ مانی تو وفاقی حکومت چھوڑ دیں گے، وزیر اعلیٰ سندھ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر کینالز کے معاملے پر ہماری بات نہ مانی گئی تو وفاقی حکومت چھوڑ دیں گے، ہمیں تو خدشہ یہی ہے کہ آپ ہمارا پانی لے لیں گے۔

مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ سندھ کے عوام یہ کینالز نہیں بننے دیں گے، ہمارے پاس حکومت چھوڑنے کا آپشن موجود ہے لیکن یہ سازش اپوزیشن والوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرض کریں حکومت گرا دیں تو کیا الیکشن ہوگے؟ کیا ملک الیکشن کا متحمل ہو سکتا ہے؟ کوئی جمہوری قوت نہیں ہوگی تو اپوزیشن کو فری ہینڈ ملے گا اور یہ ملک کے ساتھ جو چاہے کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: دریائے سندھ سے نئے کینال منظور نہیں، پی پی عوام کے ساتھ کھڑی ہوگی، بلاول بھٹو

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کینالز کے معاملے پر سازش ہو رہی ہے، دریائے سندھ پر کسی کا حق سب سے زیادہ ہے تو ٹھٹہ اور سجاول کا ہے، ان کا پروپیگنڈا ہے کہ پیپلز پارٹی کے خلاف مہم چلائی جائے، بلاول بھٹو زرداری بول چکے ہیں کہ کینالز بنی تو عوام کے ساتھ کھڑا ہوں گا وزیر اعظم کے ساتھ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صرف دریائے سندھ نہیں پانچوں دریا ہمارے ہیں، صدر مملکت آصف علی زرداری مشترکہ اجلاس میں کہہ چکے ہیں کہ کینالز کو سپورٹ نہیں کرتا، پیپلز پارٹی عوام کی طاقت سے ایسا کوئی منصوبہ نہیں بننے دیں گے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سی سی آئی اجلاس میں ان کیلیے میں اکیلا کافی ہوں، میں جو بات کرتا ہوں ثبوت کے ساتھ کرتا ہوں، کینالز کے پیچھے چھپ کر ان کو کالے دھندے نہیں کرنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کیلیے 21 لاکھ گھر بنا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری مجھ پر بہت زیادہ بھروسہ کرتے ہیں، کبھی ڈانٹ پڑتی بھی ہے تو اسی پر کہ سیلاب متاثرین کو اب تک مالکانہ حقوق کیوں نہیں دیے، جب سب سو رہے تھے تو ہم کام کر رہے تھے۔

سکھر حیدر آباد موٹروے کے بارے میں مراد علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حیدر آباد سکھر موٹروے کے خط پر جواب دیا ہے، موٹروے صرف سندھ کا نہیں پورے پنجاب کا منصوبہ ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں