کراچی: شہر قائد میں بڑے پیمانے پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا ہے، تمام کنٹونمنٹ بورڈز میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔
ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق کورنگی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے آج کورنگی بھٹائی کالونی اور اطراف میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا، کلفٹن، ڈیفنس، درخشاں اور گزری کے علاقے میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوگا۔
ملیر کینٹ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے صفورہ چورنگی اور اطراف میں آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شاہراہ فیصل کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔ کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے ڈی ایچ اے میں بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا جائے گا۔
کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ 7 فروری کو وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سہراب گوٹھ ٹاؤن میں درپیش مسائل سے متعلق اجلاس میں تجاوزات، برساتی نالوں سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی تھی، اور کراچی میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لے کر آپریشن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا تھا کہ کراچی میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن بلاتفریق جلد شروع ہوگا۔