واشنگٹن : امریکی محکمہ انصاف نے کیپیٹل ہل حملے میں ملوث افراد کے خلاف ہر صورت کارروائی کا اعلان کیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ حملہ کرنے والے ملزمان 20 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ کانگریس کی عمارت پر حملے اور ہنگامہ آرائی میں جو شخص بھی ملوث ہوا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ترجمان محکمہ انصاف کا مزید کہنا تھا کہ بغاوت اور سازش پر اکسانے کے مقدمات کی پیروی کررہے ہیں جس کی سزا 20 سال قید ہے جب کہ ایف بی آئی نے حملے کے160 کیسز کھول دیے ہیں جس کے بعد مفرور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
خیال رہے کہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں صدر ٹرمپ کے حامیوں کے دھاوے اور ہنگامہ آرائی کے بعد پرتشدد واقعات میں چار افراد ہلاک ہوگئے تھے جبکہ پولیس نے 52 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں : ٹرمپ کے حامیوں کی کانگریس پر چڑھائی، واشنگٹن میں کرفیو نافذ
علاوہ ازیں کپیٹل ہل کے باہر ٹرمپ کے حامیوں کے احتجاج کے دوران بھارتی جھنڈے بھی نظر آئے، امریکی عوام و سیاست دانوں نے کیپٹل ہل کے باہر ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں بھارتی جھنڈوں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔