لاہور : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے طیارہ حادثہ کیس میں کیپٹن عصمت محمود کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرلیاہے۔
تفصیلات کے مطابق نشے کی حالت میں طیارہ اڑانے کے مقدمے میں کیپٹن عصمت محمود کی درخواست ضمانت پر لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں سماعت ہوئی۔
ملزم کے وکیل نے کہا کہ کیپٹن عصمت پرنشےکی حالت میں طیارہ اڑانےکاالزام غلط ہے جبکہ سرکاری وکیل نے کہا کہ میڈیکل رپورٹ سے ثابت ہوچکاہے کہ ملزم نشے میں تھا۔
فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے کیپٹن عصمت کی درخواست ضمانت پرفیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
اس سے قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پائلٹ کیپٹن عصمت کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا تھا۔ اور ملزم کی جانب سے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی
یاد رہے کہ لاہورایئرپورٹ پر شاہین ایئر لائنز کے طیارے نے ہنگامی لینڈنگ کی تھی، جس کے بعد طیارے کے پائلٹ کیپٹن عصمت محمود کو شراب نوشی کرکے طیارہ اڑانے سمیت دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا تھا۔