راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز سے جھڑپ مین دو دہشتگرد ہلاک جبکہ شر پسندوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے کیپٹن شہید ہوگئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دو شر پسند ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ جھڑپ کے دوران پاک فوج کے 24 سالہ کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، وہ آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔
علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن جاری رہا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ کیلیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے، دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے تک ہماری جنگ جاری رہے گی، سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہونے والے جوانوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔
گزشتہ ماہ خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی آئی ای ڈی سے ٹکرا گئی تھی جس کے نتیجے میں کیپٹن سمیت 7 جوان شہید ہوگئے تھے۔
آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والوں میں کیپٹن محمد فراز، صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی، سپاہی اسداللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود شامل تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلیے کلیئرنس آپریشن کیا گیا، سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں، جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم مزید تقویت دیتی ہیں۔
کیپٹن محمد فراز الیاس شہید کا تعلق ضلع قصور سے تھا اور انہیں 19 جون کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونا تھا۔ انہوں نے سوگواران میں والدین اور بہن بھائی چھوڑے۔