جمعرات, مئی 15, 2025
اشتہار

ورلڈ کپ، پاکستان کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، سرفراز احمد

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ حالیہ پاک انگلینڈ سیریز سے ٹیم کو بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، پاکستان ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتانوں نے پریس کانفرنس کی، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہماری ٹیم کے کھلاڑی جیت کے لیے پرعزم ہیں، گرین شرٹس میں بہترین بولنگ، بیٹنگ، فیلڈنگ کی صلاحیت ہے۔

سرفراز احمد نے کہا کہ 92 کے ورلڈ کپ میں ہمیں مشکلات کے باوجود فتح ملی، حالیہ سیریز کے بعد فیلڈنگ سمیت دیگر کوتاہیوں پر قابو پالیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کے لیے تیار ہے، فاسٹ بولر وہاب ریاض کو ان کی تجربہ کاری کی وجہ سے ٹیم کا حصہ بنایا۔

 انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان اوئن مورگن نے کہا کہ پاکستان کو ون ڈے سیریز ہرا کر ورلڈ کپ جیتنے کے لیے پرامید ہیں، انگلینڈ کے کپتان نے پاکستان کی شاندار کارکردگی کو بھی سراہا۔

پاک بھارت میچ کے سوال پر بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے کہا کہ بڑے میچ کا بہت پریشر ہوتا ہے لیکن میدان میں اتر کر صرف اچھا کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ایونٹ کل 33 دن پر مشتمل ہوگا، 48 میچز کھیلے جائیں گے، اور ٹرافی کے لیے گھمسان کا رن پڑے گا، ایونٹ میں دنیائے کرکٹ کے بہترین اسٹارز ایکشن میں نظر آئیں گے۔

مبصرین نے آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت اور پاکستان کو ٹائٹل کے لیے فیورٹ قرار دیا ہے، 30 مئی کو انگلینڈ میں شروع ہو نے والی کرکٹ کی اس عالمی جنگ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لندن میں ہوگا۔

قومی کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 31 مئی کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گی جبکہ 16 جون کو روایتی حریف بھارت سے ٹاکرا ہوگا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں