کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں 15 اگست کو ایک خونی ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان عبداللہ جاں بحق ہو گیا تھا، اس حادثے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر تفصیلات سامنے آ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق منگل پندرہ اگست کو ڈیفنس کے علاقے میں سڑک پر موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار کر اڑانے والی گاڑی سندھ کی ایک اہم شخصیت کی بیٹی کی نکلی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑی نمبر بی ٹی کے 255 مومل اعجاز کے نام پر رجسٹرڈ ہے، اور حادثے کے وقت گاڑی اہم شخصیت کا بیٹا چلا رہا تھا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
سامنے آنے والی فوٹیج میں تیز رفتار کار کو شہری کی موٹر سائیکل پر چڑھ دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے، کار کے شیشے بھی خلاف قانون مکمل کالے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گاڑی کو قبضے میں لے لیا گیا ہے، جب کہ حادثے کا مقدمہ متوفی عبداللہ کے ورثا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی گاڑی مقدمہ درج ہونے کے بعد تفتیشی پولیس کے حوالے کی جا چکی ہے، اور گاڑی کی تفصیلات اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔