لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں کار ریسنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں دو طالب علم جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ بد ھ اور جمعرات کی درمیانی شب یونی ورسٹی آف سنٹرل پنجاب کے نزدیک پیش آیا ‘ جب ایک کا ر کا ڈرائیور تیز رفتاری کے سبب توازن برقرار نہ رکھ سکا۔
پولیس کے مطابق گاڑی 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ایک پول سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں یونی ورسٹی آف سنٹرل پنجاب سے تعلق رکھنے والے دو طالب علم موقع پرہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدیدزخمی حالت میں آئی سی یو میں ہے۔
جاں بحق ہونے والے طالب علموں کے نام میاں عمر شوکت اور احمد فاروق بتائے گئے ہیں جبکہ حسنین نعیم نامی طالب علم آئی سی یو میں ہے‘ ڈاکٹروں کے مطابق حسنین کی حالت تاحال خطرے سے باہر نہیں آسکی ہے۔
میاں عمر شوکت کی نمازِ جنازہ گزشتہ روز 11 بجے ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے ویسٹ وڈ کالونی میں ادا کی گئی جبکہ احمد فاروق کی نمازِجنازہ ڈی ایچ اے مین بولیوارڈ کے مدمقابل یعسین مسجد میں د وپہر دو بجے ادا کی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور یہ بھی دیکھا جارہا ہے کہ کسی قسم کی مجرمانہ سرگرمی کے سبب تو حادثہ پیش نہیں آیا۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔