لاہور : پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کی تقرری کیلئے سیاسی جماعتیں کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکیں، ن لیگ اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے، فریقین نے معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں سابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید اور سابق وزیر قانون رانا ثناءاللہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں متفقہ طور پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے حوالے کرنے پر اتفاق ہوا۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خان کو تحریک انصاف نے پارلیمانی کمیٹی سے متعلق آگاہ کر دیا ہے، تحریک انصاف کی جانب سے میاں محمودالرشید کی سربراہی میں تین رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں سبطین خان اور شعیب صدیقی شامل ہونگے، جس کا نوٹیفکیشن کل ( پیر) کو جاری ہونے کا امکان ہے ۔
اس کے بعد حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی میں پہلا اجلاس ہوگا۔ اس کے علاوہ میاں شہبازشریف نے پارلیمانی کمیٹی کے ممبران کے ناموں کا اعلان کردیاہے، جس میں سابق صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ خان ،خواجہ عمران نذیر اور ملک احمد خاں شامل ہیں۔
نگراں وزیراعلیٰ کیلئے حکومت اور اپوزیشن نے چار چار نام دے دیئے ہیں، حکومت نے جسٹس (ر) ساحرعلی، طارق سلیم ڈوگر کے نام دیئے ہیں، سابق نیول چیف ذکاءاللہ، سابق آئی بی چیف آفتاب سلطان کے نام بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب اپوزیشن کی طرف سے حسن عسکری، ایازامیر کا نام دیا گیا ہے، اس کے علاوہ اوریا مقبول جان، یعقوب طاہر اظہار کا نام بھی شامل ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔