لاہور: نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے علی الصبح لاہور شہر کا دورہ کیا، اور ڈیوٹی پر مامور جوانوں سے ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب نے آج صبح لاہور شہر کا دورہ کیا، آئی جی ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ بھی ہمراہ تھے۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پولیس جوانوں کی فرض سے لگن اور جذبے کی تعریف کی، اور پولیس جوانوں کے عزم اور حوصلے کو سراہا۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ انھیں پنجاب و لاہور پولیس کے بہادر جوانوں پر ناز ہے، انھوں نے جوانوں سے کہا کہ آپ اپنے فرائض محنت اور پروفیشنل ازم کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا شرپسندوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت کارروائی کی جائے، اور روزمرہ معمولات میں رکاوٹیں ڈالنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ اسی طرح مزید ہمت سے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔