ہفتہ, ستمبر 21, 2024
اشتہار

بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کیلیے کوششیں جاری ہیں، نگراں حکومت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: نگراں وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اس حوالے سے تفصیلات فیصلوں کی شکل میں سامنے آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آئین، قانون اور ہماری محدود مدت ہمیں فیصلے کرنے کی اجازت دیتی ہے، آئین اور قانون کی روشنی میں ملک کے بہتر مفاد میں فیصلے کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صدر پرویز الٰہی کی گرفتاری پر نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ ہم عدلیہ اور قانون کا احترام کریں، پرویز الٰہی کی گرفتاری کا معاملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عدلیہ کا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملکی قوانین کے تحت کام کرتے ہیں، قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے تو عدلیہ بھی آزاد اور میڈیا بھی آزاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ہر ایک کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے، ہر ایک کو تنقید کا حق ہے اور ہم کسی سے ان کا یہ حق چھین نہیں سکتے، ہمارا بھی حق ہے جس چیز کو درست سمجھیں وہ بلا خوف سامنے رکھیں۔

عام انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں کا عمل تیز کر دیا ہے، الیکشن کمیشن انتخابات کی جو تاریخ دے گا اس پر ہر ممکن تعاون کریں گے۔

گزشتہ روز نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے اپنے ایک بیان میں آئندہ 48 گھنٹوں میں بجلی بلوں پر ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔

انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ تمام اداروں سے پوچھا ہے کتنی مفت بجلی استعمال کرتے ہیں، فوج ایک یونٹ بھی مفت بجلی استعمال نہیں کرتی، بجلی بلوں کا مسئلہ ضرور ہے لیکن یہ امن و امان کا مسئلہ نہیں، بلوں کے مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شام کو مہنگی ترین بجلی استعمال کر کے توانائی کا نقصان کیا جاتا ہے، ملک میں توانائی بچانے کا کوئی تصور ہی نہیں ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں