جمعہ, فروری 14, 2025
اشتہار

کشمیر کیلیے جنگ تھوپی گئی تو 300 بار بھی لڑنے کو تیار ہیں، نگراں وزیر اعظم

اشتہار

حیرت انگیز

مظفر آباد: نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ اگر مقبوضہ کشمیر کیلیے جنگ تھوپی گئی تو ہم 300 بار بھی لڑنے کو تیار ہیں۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں اس وقت بھی لاکھوں کشمیری بھارتی غیر قانونی  تسلط میں ہیں، 1948 سے جموں کشمیر عالمی سطح پر نامکمل ایجنڈا ہے، اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے تحت مقبوضہ کشمیر متنازع اور حل طلب مسئلہ ہے۔

متعلقہ: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کیخلاف قرارداد منظور

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم جاری ہیں، تین روز قبل بھارتی سپریم کورٹ نے غیر آئینی و غیر قانونی فیصلہ دیا جسے کشمیریوں نے یکسر مسترد کر دیا، فیصلہ کشمیر پر قبضے کو دوام بخشنے کیلیے ہے، کٹھ پتلی عدالتی فیصلوں سے زمینی حقائق تبدیل نہیں کیے جا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی تحریک آزادی کی مکمل حمایت کرتا ہے، آخر کب تک کشمیریوں کی آواز کو دبایا جا سکتا ہے؟ آخر کب تک کشمیریوں پر ریاستی جبر کیا جائے گا؟ دنیا کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند ماہ قبل یاسمین ملک کو سزائے موت سنائی گئی، ایسی سزائیں صرف کٹھ پتلی عدالت ہی سنا سکتی ہے۔

متعلقہ: بھارتی سپریم کورٹ کا متعصبانہ فیصلہ، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کی اپیلیں مسترد

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیریوں کو طاقت کے زور پر زیر کرنے کے بھارتی عزائم کبھی پورے نہیں ہو سکتے، ہم مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلیے کردار ادا کرتے رہیں گے، مسئلہ کشمیر کے حل کیلیے کوششوں پر بھارت نے ہمیشہ ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسند ہندوتوا سوچ اور را کی دہشتگردی مغرب کی جانب بڑھ رہی ہے جو ویک اپ کال ہے، مغربی دنیا جاگتی ہے تو بھی ان کی مرضی نہیں جاگتی تو بھی ان کی مرضی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں