اسلام آباد : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ جبالیہ کیمپ پراسرائیل کا فضائی حملہ جنگی جرائم کاواضح ثبوت ہے، غزہ میں قتل عام کو روکنے کیلئے دنیا کو ایکشن لینا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر غزہ میں بڑھتی اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جبالیہ کیمپ پرفضائی حملےمیں خواتین اوربچوں سمیت سیکڑوں فلسطینی شہیدہوئے، یہ حملہ غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت اور جنگی جرائم کاواضح ثبوت ہے۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ ایسےحملے قابل مذمت ہیں،اس اقدام کو معاف یا فراموش نہیں کیا جاسکتا، اس قتل عام کو روکنے کیلئے دنیا کو ایکشن لینا چاہیے۔
گذشتہ روز غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی طیاروں نے وحشیانہ بمباری کی ، ایک ایک ٹن وزنی چھ بم گرا کر جبالیہ پناہ گزین کیمپ کو مکمل تباہ کر دیا گیا ، جس میں سو سے زائد نہتے فلسطینی پناہ گزین شہید ہوئے اور ہر طرف لاشوں اور زخمیوں کے انبار لگ گئے۔
فلسطینی شہری دفاع کا کہنا تھا کہ جبالیہ کیمپ پر بمباری کے بعد اسپتالوں میں کوئی جگہ نہیں رہی، فرش پر زخمیوں کو رکھنے کیلئے بھی جگہ نہیں، اسپتالوں کیلئے ایندھن نہیں جس سے آئی سی یو اور ڈائیلاسز والے افراد بھی زندہ نہیں رہ سکیں گے۔
ہلال احمر نے کہا کہ جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی حملے کے بعد صورتحال اور بھی خوفناک ہوگئی ہے، اسرائیلی طیاروں نے جبالیہ کے بعد نصیرات پناہ گزین کیمپ پربھی حملہ کردیا، جہاں پندرہ فلسطینی شہید ہوئے۔