جڑانوالہ : نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ آج جڑانوالہ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، جہاں وہ متاثرہ مسیحی خاندانوں سے ملاقات کے ساتھ ساتھ بحالی کے کاموں کا جائزہ بھی لیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑآج جڑانوالہ کے متاثرہ علاقوں کادورہ کریں گے، نوارالحق کاکڑ کےدورہ جڑانوالہ کے پیش نظر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
دورے کے دوران نگران وزیراعظم متاثرہ مسیحی خاندانوں سےملاقات کریں گے اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کا جائزہ بھی لیں گے۔
یاد رہے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا پاکستان مختلف مذاہب اور زبانیں بولنے والے شہریوں کا ملک ہے، ملک میں اقلیتوں کا تحفظ کیا جائیگا، ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں۔
انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کسی کو ڈرنے کی ضرورت نہیں،کسی کی یکطرفہ حمایت نہیں کی جائیگی، مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، قائد اعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق پاکستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کریں گے۔
خیال رہے جڑانوالہ میں معمولاتِ زندگی بحال ہوگئے ہیں اور گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد اسکول بھی کھل گئے ہیں، گورنمنٹ ایم سی اسکول نمبر ایک کرسچن کالونی میں بھی درس و تدریس کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔