اسلام آباد: نگراں وزیر اعظم نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے پیش نظر ملازمین کی ہفتہ اور اتوار کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان ممنون حسین نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک کی سمری پر منظوری دیتے ہوئے قومی اسمبلی کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا ہے جس میں نومنتخب اراکین قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کی انتظامیہ نے قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس کے باعث تمام ملازمین کی ہفتہ 11 اور اتوار 12 اگست کی سرکاری تعطیلات منسوخ کردیں اور تمام افراد کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
خیال رہے کہ تینوں صوبوں خیبرپختنونخواہ، پنجاب اور سندھ کے گورنرز نے نومنتخب اراکین کی حلف برداری کے لیے اسمبلیوں کا اجلاس 13 اگست کو طلب کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق 13 اگست کو طلب کیے جانے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین صرف حلف اٹھائیں گے جبکہ وزارتِ عظمیٰ کے امیدوار کا انتخاب 16 اگست کو ممکن ہے۔
ترجمان پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسمبلی کا اجلاس بلانا حکومت وقت کا فیصلہ ہے، نگراں حکومت نے13اگست کواجلاس کی سمری بھیجی تھی اُسے منظور کرلیا گیا۔