اشتہار

نگراں پنجاب کابینہ اگلے 4 ماہ کے بجٹ کی منظوری آج دے گی

اشتہار

حیرت انگیز

نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں اگلے 4 ماہ کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبائی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں اگلے چار ماہ کے اخراجات کے بجٹ کی منظوری لی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے جاری اخراجات میں 14 کھرب سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس میں پنجاب میں وفاق کی طرز پر ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ ہوگا جب کہ بجٹ میں 4 ماہ کے ترقیاتی پروگرام کیلیے 325 ارب مختص کرنے کی بھی تجویز ہے۔

- Advertisement -

اس بجٹ میں صوبائی آمدن کے حصول کیلیے حجم 500 ارب سے زائد مختص کرنے، عوام کو وفاق کی سفارشات پر سبسڈی فراہم کرنے، پولیس کیلیے 160 ارب روپے کا فنڈ مختص کرنے اور ایوان وزیراعلیٰ کے اخراجات کیلیے 87 کروڑ فنڈز مختص کرنے کی سفارشات کی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں ترقیاتی بجٹ پہلے سے جاری ترقیاتی اسکیموں پر خرچ ہو گا، اس میں صحت کارڈ کے لیے 20 ارب روپے، غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں کیلیے 27 ارب، زراعت کے لیے 4 ماہ میں 20 ارب اور صحت وتعلیم کیلیے کم از کم 100 ارب روپے تک مختص کرنے کی تجاویز ہے جب  کہ نئی ترقیاتی اسکیمیں الیکشن کمیشن کی اجازت سے مشروط ہوں گی۔

چار ماہ کے اخراجات کے بجٹ میں اسکول ایجوکیشن کیلیے 28 ارب، ہائر ایجوکیشن کیلیے 10 ارب، اسپیشل ایجوکیشن کے ترقیاتی منصوبوں کی مد میں ایک ارب، صحت کے بجٹ کیلیے 70 ارب، اربن ڈیولپمنٹ کے لیے 12 ارب، ٹرانسپورٹ کیلیے 6 ارب اور ایمرجنسی سروسز کیلیے ڈیڑھ ارب مختص کرنے کی تجاویز ہیں

واضح رہے کہ وفاقی اور سندھ کا بجٹ گزشتہ ہفتے پیش کیا جا چکا ہے جب کہ بلوچستان کا بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ نگراں پنجاب حکومت اپنی 90 روز کی آئینی مدت گزشتہ ماہ مکمل کرچکی ہے۔ سپریم کورٹ نے دو بار پنجاب میں الیکشن کرانے کا حکم نامہ جاری کیا مگر وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی اور دیگر وجوہات کی بنا پر الیکشن سپریم کورٹ کے طے شدہ شیڈول کے مطابق نہ ہوسکے۔

عدالت عظمیٰ میں اس وقت بھی پنجاب میں انتخاب فیصلے پر نظر ثانی کی الیکشن کمیشن کی درخواست زیر سماعت ہے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں