اسلام آباد : جامعات میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے پیش نظر وائس چانسلرکمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، جس میں جامعات کوسیل کرنے سمیت ڈس ان فیکٹ کرنے کے معاملے پر غور ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جامعات میں بڑھتے کورونا کیسز کے باعث وائس چانسلر کمیٹی کا اجلاس آج طلب کرلیا گیا، چیئرمین وی سی کمیٹی ڈاکٹرعلی شاہ اجلاس کی صدارت کریں گے جبکہ ملک بھر کے وائس چانسلرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں جامعات میں بڑھتے کورونا کیسز پر گفتگو ہوگی جبکہ جامعات کو سیل کرنے سمیت ڈس ان فیکٹ کرنے کے معاملے پر غور ہوگا اور جامعات کو درپیش دیگر ضروری مسائل پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
یاد رہے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ کے پیش نظر فضائیہ میڈیکل کالج کا آئی ٹی اور ایئر یونیورسٹی کا ہیومینیٹیز ڈیپارٹمنٹ سیل کردیا گیا ، ایئریونیورسٹی کے مختلف ڈیپارٹمنٹس سے 6 کوروناکیسز کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ سیل نہ کیے جانے والے ڈیپارٹمنٹس میں ایس اوپیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے۔
اس سے قبل انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اور قائداعظم یونیورسٹی کو کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد بند کردیا گیا تھا، انتظامیہ کے مطابق مختلف ڈیپارٹمنٹس میں کورونا کیسز کی تصدیق پر یونیورسٹی کو بند کیا گیا،تمام کلاسز اور ہاسٹلز کو جراثیم کش اسپرے سے صاف کیا جائے گا۔