کراچی میں لوٹ مار کی وارداتیں بڑھ گئی ہیں اور شہریوں سے نقدی، موبائل، گاڑیاں چھیننے کی وارداتیں عام ہیں تاہم اس حوالے سے ایک اچھی خبر بھی ہے۔
کراچی کے شہریوں سے چھینی یا چوری شدہ 18 گاڑیاں واپس مل گئی ہیں اور اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نے یہ تمام گاڑیاں 21 روز میں برآمد کی ہیں جنہیں ایس ایس پی عارف اسلم راؤ نے خود مالکان کے حوالے کیں۔
اس حوالے سے ایس ایس پی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ جو گاڑیاں برآمد کی گئی ہیں وہ مختلف واقعات میں شہریوں سے چھینی یا چوری کی گئی تھیں اور متاثرہ شہری اپنی گاڑیاں واپس ملنے پر خوشی سے نہال ہو گئے ہیں۔
عارف راؤ نے مزید کہا کہ برآمد شدہ گاڑیوں میں کرولا، آلٹو، کلٹس اور مزدا ٹرک سمیت دیگر شامل ہیں جنہیں تین ہفتے کے دوران مختلف کارروائیوں میں برآمد کیا گیا اور اے وی ایل سی میں گاڑیوں کے تمام مالکان کو مدعو کر کے انہیں ان کی گاڑیاں واپس کی گئیں۔