اٹک: فیصل آباد کے بعد اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹک میں بھی عمران خان اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ہے، نیا مقدمہ اٹک کے تھانہ نیو ایئر پورٹ میں درج کیا گیا ہے۔
شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں درج اس مقدمے میں مراد سعید، فواد چوہدری، قاسم سوری، شیخ رشید اور دیگر نامزد کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل شعائر اسلام کی توہین کے الزام میں عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔
عمران خان، شیخ رشید، فواد چوہدری، شہباز گل سمیت ڈیڑھ سو سے زائد افراد کے خلاف مقدمہ درج
ادھر سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے خلاف ایک اور درخواست سامنے آ گئی ہے، تھانہ مارگلہ پولیس کو شیخ رشید کے خلاف درخواست دے دی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان بھی درخواست میں نامزد کیے گئے ہیں، درخواست گزار نے کہا ہے کہ مدینہ منورہ والے معاملے کی پلاننگ پاکستان میں کی گئی، اس لیے سابق وزیر داخلہ کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔
شیخ رشید کے بھتیجے اور پی ٹی آئی ایم این اے راشد شفیق کو اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار کیا جا چکا ہے، گرفتاری کے بعد انھیں فیصل آباد منتقل کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا کا کہنا ہے کہ اگر ثبوت موجود ہوئے تو عمران خان اور شیخ رشید کو بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔