کراچی : مسکن چورنگی کے قریب دھماکے سے عمارت کی تباہی کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کرلیا گیا ، مقدمہ میں قتل بالسبب اور نقصان پہنچانےکی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے مسکن چورنگی کے قریب دھماکے سے عمارت کے تباہ ہونے کی ایف آئی آرگلشن اقبال تھانے میں درج کرلی گئی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ مقدمہ نجی بینک منیجرکی مدعیت میں درج کیاگیاہے، مقدمے میں قتل بالسبب اور نقصان پہنچانےکی دفعات شامل کی گئی ہے۔
بینک منیجر نے درخواست میں کہا کہ میں اور عملہ بنک میں موجود تھے کہ دھماکہ ہوا، دھماکے میں 5افراد ہلاک 27زخمی ہوئے، واقعہ میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
کراچی میں دھماکا، عمارت کا ایک حصہ منہدم، 5 افراد جاں بحق، 23 زخمی
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی روڈ مسکن چورنگی کے قریب گیس لیکیج کا دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے تھے، دھماکے سے 3 گاڑیوں اور 6 موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
دھماکے کی آواز اتنی زور دار تھی کہ دور دور تک سنی گئی، قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکے کے بعد بھگدڑ مچ گئی تھی۔
وزیراعلیٰ سندھ اور آئی جی سندھ نےدھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عمر بخاری نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور متاثرہ جگہ کا معائنہ کیا جبکہ خستہ حال متاثرہ عمارت کو دیگر رہائشیوں سے خالی کرالیا گیا تھا۔