لاہور: اداکارہ میرا کے نکاح پر نکاح کیس میں عدالت نے میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان کو پیش ہونے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عتیق الرحمان نامی شہری نے لالی ووڈ سٹار میرا کے خلاف فیملی کورٹ میں درخواست دی تھی جس میں موقف اپنایا تھا کہ اداکارہ میرا میری منکوحہ ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے کیپٹن نوید سے نکاح کرلیا ہے۔
درخواست گزار اور میرا کے مبینہ شوہرعتیق الرحمان نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ عدالت نکاح پر نکاح کے جرم میں اداکارہ میرا کے خلاف کارروائی کرے۔
مزید جانیے: میرا نکاح پر نکاح کیس
ذرائع کے مطابق اداکارہ میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان کی جانب سے عدالت میں کیس دائر کرنے کے بعد سے ہر سماعت پر اداکارہ میرا تو پیش ہورہی ہیں لیکن مدعی عتیق الرحمان عدالت میں پیش نہیں ہورہے ہیں
آج بھی عدالت میں سماعت جاری تھی مگر کیس کے مدعی اور میرا کے مبینہ شوہر عتیق الرحمان پیش نہ ہوئے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عتیق الرحمان کو پیش ہونے کیلئے آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی سماعت 20 جولائی تک ملتوی کردی ہے
عدالت نے متنبہ کیا ہے کہ اگر درخواست گزار عتیق الرحمان 20 جولائی کو بھی پیش نہ ہوئے تو عدالت یکطرفہ فیصلہ سناتے ہوئے درخواست نمٹا دے گی۔