کراچی: ایس ایس پی راؤ انوار نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا اور دیگر نامعلوم افراد کے خلاف ائیرپورٹ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسٹار گیٹ پر کرپشن کے خلاف دھرنا دینے پر تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا کو گرفتار کر کے ائیرپورٹ تھانے میں مقدمے کا اندارج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے دفعہ 144 اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کو شامل کیا گیا۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’تحریک انصاف کے رہنماء فیصل واؤڈا سمیت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے جنہیں کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پڑھیں: شارع فیصل پر احتجاج، بدترین ٹریفک جام، فیصل وائوڈا گرفتار،لاٹھی چارج
ایس ایس پی نے مزید کہا کہ ’’رہنماء تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ درج کر کے انہیں باقاعدہ حراست میں لیا گیا ہے اور کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ جہاں مجسٹریٹ قانون کے مطابق اپنا فیصلہ سنائیں گے‘‘۔
یاد رہے کرپشن کے خلاف تحریک انصاف کے رہنماء سمیت دیگر سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے بلوچ کالونی پل سے اسٹار گیٹ تک ریلی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ جس کے باعث شاہراہ فیصل پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی اور ٹریفک میں پھسنے کے باعث ایک حاملہ خاتون بھی دم توڑ گئیں تھیں جبکہ کئی افراد وقت پر ائیرپورٹ بھی نہیں پہنچ سکے۔
یہ بھی پڑھیں: فیصل واؤڈا گرفتار: پی ٹی آئی کی مرکزی اور کراچی قیادت میں اختلاف
بعد ازاں ایس ایس پی راؤ انوار کی سربراہی میں پولیس کی بھاری نفری اسٹار گیٹ پہنچی اور رہنماء تحریک انصاف کو گرفتار کر کے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کے بعد وہ منشتر ہوئے اور ٹریفک کی روانی بحال کیا گیا۔