لاہور: جسٹس پارٹی نے پاکستان سے متعلق شرانگیز تقریر کرنے پر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور براہمداغ بگٹی کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروادی۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس پارٹی نے گزشتہ دنوں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بلوچستان اور گلگت بلتستان کے حوالے سے متنازعہ بیان کے خلاف لاہور تھانہ انار کلی میں درخواست جمع کروادی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ’’نریندر مودی نے ٹیلی ویژن پر بلوچستان کے متعلق شرانگیز تقریر کی جبکہ براہمداغ بگٹی نے اس بیان کی تائید کی جس پر انہوں نے غداری کا ارتکاب کیا ہے‘‘۔
پڑھیں: مودی کے یاروں کوبِلوں سے گھسیٹ کرنکالیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان
جسٹس پارٹی نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ ’’پاکستان کی سالمیت کے خلاف سازش کرنے پر براہمداغ بگٹی اور بھارتی وزیر اعظم کے خلاف آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے‘‘۔
دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان ورکر پارٹی کی جانب سے بلوچستان تھانہ سٹی پولیس میں براہمداغ بگٹی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں انہوں نے ’’براہمداغ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی ہے‘‘۔
مزید پڑھیں: براہمداغ بگٹی کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کرنے کی درخواست
یاد رہے نوابزادہ براہمداغ بگٹی نے 17 اگست کو بھارتی وزیر اعظم کے بلوچستان کے حوالے سے متنازعہ بیان کا خیر مقدم کیا تھا، اس عمل کے خلاف بلوچستان کے مختلف مقامات پر مظاہرے کیے گئے جس میں مظاہرین نے براہمداغ بگٹی اور نریندر موودی کے پتلے بھی نذر آتش کیے تھے۔