کراچی : جعلی پائلٹ لائسنسز اجرا اسکینڈل کے مرکزی ملزم کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا، ملزم نے دیگرسرکاری افسران کی ملی بھگت سےکروڑوں روپےوصول کئے۔
تفصیلات کے مطابق رقم کےعوض مشتبہ پائلٹ لائسنسز اجرا اسکینڈل میں مرکزی ملزم عدیل آفتاب کیخلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ملزم عدیل آفتاب نے اسکینڈل سےحاصل رقم سےکراچی میں2جائیدادیں خریدیں ، جائیدادوں میں گلستان جوہرمیں فلیٹ،نیوکراچی میں کمرشل اراضی شامل ہیں۔
ملزم نے دیگرسرکاری افسران کی ملی بھگت سےکروڑوں روپےوصول کئے، ملزم عدیل آفتاب سی اےاےکی لائسنسنگ برانچ میں اسسٹنٹ گریڈ ٹو ہے۔
یاد رہے 15 مارچ کو ایف آئی اے نے جعلی پائلٹ لائسنسز اجرا کیس کے مرکزی ملزم سید عدیل آفتاب کو گرفتار کیا تھا ، ملزم نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر جعلی لائسنس جاری کر کے 1 کروڑ 55 لاکھ روپے وصول کیے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹر لائسنسنگ محمد اعظم کو بھی نئے مقدے میں نامزد کیا گیا، ڈائریکٹر ایف آئی اے عامر فاروقی نے بتایا کہ محمد اعظم نے ترقی کے لیے خود کو بھی امتحان میں پاس کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر عبد الرؤف شیخ کے مطابق نئی ایف آئی آر میں مجموعی طور پر 8 ملزمان نامزد کیے گئے ہیں، جب کہ مرکزی ملزم عدیل اسکینڈل میں پہلے سے درج 4 مقدمات میں بھی نامزد ہے۔