صادق آباد : پولیس نے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 9 افراد کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرلیا ، مقدمےمیں اندھڑ گینگ کے سرغنہ جانو اندھڑ کوبھی نامزد کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 9 افراد کےجاں بحق ہونے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مقدمہ مقتولین کے ورثاء کی مدعیت میں تھانہ کوٹ سبزل میں درج کیا گیا، مقدمہ گینگ کے 15 ملزمان اور سہولت کاروں کیخلاف درج کیا گیا جبکہ مقدمے میں اندھڑ گینگ کے سرغنہ جانو اندھڑ کو بھی نامزد کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں قتل اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
یاد رہے دو روز قبل پنجاب کے جنوبی ضلع رحیم یار خان کی تحصیل صادق آباد میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک ہی خاندان سے تعلق رکھنے والے نو افراد جاں بحق ہوگئے تھے جبکہ کارروائی کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ورثا کا کہنا تھا کہ اندھڑ گینگ کے سرغنہ جان محمد نے ساتھیوں سمیت حملہ کیا، ورثا نے لاشیں گڈو کشمور روڈ پر رکھ کر احتجاج کرتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔