وفاقی تحقیقاتی ادارے نے پی ٹی آئی کے 10 سوشل میڈیا ایکٹیویسٹ کےخلاف سائبر ٹیررازم کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی اے کے مطابق سوشل میڈیا ایکٹویسٹ کے خلاف مقدمے میں پیکا ایکٹ کی دفعات شامل ہیں۔ سوشل میڈیا ایکٹویسٹ نے ڈی چوک سے متعلق آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے بنی تصاویر اپ لوڈ کیں جس کی مدد سے بنی ہوئی نئی اور پرانی ویڈیو، تصاویر اپ لوڈ کر کے سائبر دہشت گردی کی گئی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے مقدمہ درج کر کے گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔
کارکنوں کیخلاف کریک ڈاؤن پر پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیف جسٹس شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے آئینی فرائض انجام دیں۔
پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس وزیراعظم کو کورٹ روم نمبرون میں طلب کر کے پوچھیں، پُرامن احتجاج بنیادی حق ہے عوام حکومت اور انتظامی فیصلوں سے نالاں ہیں، وفاق اور پنجاب میں پولیس کو جعلی مقدمات میں کارکنوں کی گرفتاری کی آزادی ہے۔