ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں محفوظ ڈرائیونگ کے فروغ کے لیے ٹرائی اسٹار گولڈ اسٹار مقابلے میں حصہ لینے والے ڈرائیورز کو اس وقت خوشگوار حیرت کا سامنا ہوا جب انہیں 1 ہزار درہم کا انعام دیا گیا۔
محفوظ ڈرائیونگ سے متعلق اس مہم میں پیر سے جمعرات کے درمیان 30 ڈرائیوروں کو انعام سے نوازا جائے گا۔ اس مقابلے کو دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) اور دبئی پولیس کی اعانت حاصل ہے۔
انعام پانے والے فلپائنی باشندے ڈینس ماریکینا کا کہنا ہے کہ انہیں آر ٹی اے نے سڑک پر روکا، ابتدا میں انہیں لگا کہ شاید انہوں نے ٹریفک کی خلاف ورزی کی ہے لیکن انہیں یہ جان کر خوشگوار حیرت ہوئی کہ ان کی ڈرائیونگ کی وجہ سے انہیں انعام سے نوازا جا رہا ہے۔
ایک پاکستانی محمد طفیل کو بھی انعام سے نوازا گیا جو کریم بائیک چلاتا ہے۔
دبئی روڈ اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس مقابلے اور انعام کا مقصد امارات میں محفوظ ڈرائیونگ، قوانین کی پاسداری اور شہریوں کی جان و املاک کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔