بوئس : امریکی شخص نے ایک منٹ میں درجنوں سیب دانتوں میں پکڑ کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، اس دوران اس کے منہ سے خون بھی بہنے لگا۔
امریکی ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ایک منٹ میں دانتوں سے سب سے زیادہ سیب پکڑنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایڈاہو کے رہائشی ڈیوڈ رش نامی شہری نے ایک منٹ میں 49سیبوں کو باری باری اپنے دانتوں سے پکڑ کرکیچ کیا۔
ڈیوڈ رش نے یہ کارنامہ انجام دے کر اپنا نام عالمی اندراج کا ریکارڈ کرنے والے ادارے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کروا لیا ہے۔
اس سے قبل بھی ڈیوڈ رش مختلف حیرت انگیز کام کر کے 200سے زائد مرتبہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ توڑ چکے ہیں، ان کا یہ اسٹنٹ بھی کافی حد تک خطرناک تھا۔
ڈیوڈ نے میڈیا کو بتایا کہ سیبوں کو 15 فٹ دور سے اس کے ساتھی جوناتھن ہینن نے پھینکا تھا جسے میں نے دانتوں سے پکڑ کر کیچ کیا اس دوران میرے ہونٹ اور زبان زخمی ہوئی اور خون بہنے لگا۔
نیا عالمی ریکارڈ بنانے والے ڈیوڈ نے بتایا کہ میں نے چھوٹے سیبوں کا استعمال کیا تھا لیکن پھر بھی کچھ سیب منہ پر لگے اور جو دانتوں میں دبائے ان سے میرے گال بھی زخمی ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اس ریکارڈ میں اس کے پچھلے ریکارڈ کی نسبت زیادہ خون بہہ رہا ہے، اس بار اس نے ایک منٹ میں 49 سیب پکڑ کر 47 کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔