بلیاں اور کتے پالنے والے افراد اپنے پالتو جانوروں سے بے حد محبت کرتے ہیں اور انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں رہتے ہیں، ایسے ہی افراد کے لیے ایک پرتعیش ہوٹل قائم کیا گیا ہے جہاں ان کی بلیاں قیام کرسکتی ہیں۔
فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں ایک ہوٹل ایسا بھی ہے جہاں صرف آپ کی بلیاں ہی ٹھہر سکتی ہیں لیکن بکنگ آپ کو پہلے سے کروانی پڑے گی۔
عالمی وبا کرونا کے باعث عائد پابندیاں ختم ہونے کے بعد سیاحت ایک بار پھر بحال ہوگئی ہے اور اس کے ساتھ ہی پیرس میں قائم بلیوں کا یہ ہوٹل بھی مکمل طور پر ریزرو ہوچکا ہے۔
کیٹس ٹری نامی اس ہوٹل میں بیک وقت 24 بلیوں کے ٹھہرنے کی گنجائش ہے، اگر بلیاں چاہیں تو ان آرام دہ اور پرتعیش کیوبیکلز کو کسی دوسری بلی کے ساتھ شیئر بھی کرسکتی ہیں۔
ہوٹل کے مالک ویرونیکا کولسن کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس کے برعکس، رواں سال ہم فروری کے آخر سے اگست تک کے لیے مکمل طور پر پہلے ہی بکڈ ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہاں بلیوں کو مکمل آزادی ہے، بلیاں جو چاہیں وہ کرسکتی ہیں اور ان کے مالکان بے فکر ہو کر سیر و تفریح میں مشغول رہ سکتے ہیں۔
بلی کو ہوٹل میں چھوڑنے کی غرض سے آنے والی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ ہمیں ایک ایسی جگہ کی ضرورت تھی جہاں اپنی بلیوں کو بے فکر ہو کر چھوڑ سکیں، ہمیں یقین ہو کہ ان کی دوائی اور علاج وقت پر ہو جائے گا اور یہ تمام سہولیات اس ہوٹل میں میسر ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں بلیوں کا اچھی طرح خیال رکھا جاتا ہے، انہیں کھانے پینے کے علاوہ ان کے مساج اور برش کا بھی خیال کیا جاتا ہے۔
ویرونیکا کولسن نے بتایا کہ ہوٹل انتظامیہ ہفتے میں دو بار بلیوں کے مالکان کو ان کی بلیوں کی تصاویر پیغام کے ساتھ ارسال کرتی ہے اور بتاتی ہے کہ ان کی بلیاں دوسری بلیوں کے ساتھ کیسا رویہ اختیار کر رہی ہیں۔