لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں مویشی منڈیاں لگانے اور مدارس سمیت دیگر فلاحی اداروں کو اجتماعی قربانی کی اجازت دے دی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت کی ذیلی کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں مویشی منڈیاں لگانے اور اجتماعی قربانوں سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
مویشی منڈیوں کے مقام
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ضلع کا کمشنر شہری حدود سے باہر نشاندہی کرے گا جہاں مویشی فروخت کرنے کی اجازت ہوگی، شہر کی حدود میں مویشی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
خریدار کے لیے شرائط
مویشی کی خریداری کے لیے منڈی جانے والے افرو کو ماسک، دستانے اور سماجی فاصلے کی ہدایت پر عمل کرنا ہوگا، شہری حدود میں جانور لانے کیلئے ایس اوپیز پر عمل درآمدلازمی ہوگیا۔
فیصلہ کیا گیا کہ مویشی منڈیوں میں ضلعی انتظامیہ باقاعدگی سے جراثیم کش اسپرے کا انتظام بھی کرے گی، بچوں، بڑوں اور خواتین کو کسی صورت منڈی میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جو شہری ماسک اور دستانوں کے بغیر پہنچے گا اُسے بھی دروازے سے واپس کردیا جائے گا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ منڈیوں سےکرونا کے پھیلاؤ کو روکنےکیلئےمزید اقدامات بھی کئےجائیں گے، پنجاب حکومت نے مویشی منڈیوں سے متعلق سفارشات تیار کر کے وفاق کو ارسال کردیں۔
وزیر قانون کی تصدیق
بعد ازاں وزیر قانون راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ عید کے ایام میں ایس او پیز پر عمل درآمد سے متعلق اہم اجلاس پیرکو طلب کرلیا ہے جس میں پنجاب حکومت اپنی سفارشات رکھے گی۔
راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ ’منظوری کے بعد پنجاب حکومت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، شہری علاقوں میں مویشی منڈیاں لگانے پر پہلے ہی پابندی ہے‘۔
کراچی مویشی منڈی کے رقبے میں توسیع
دوسری جانب کراچی سپر ہائی وے پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی انتظامیہ نے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے رقبے میں مزید توسیع کا کام شروع کردیا، سپرہائی مویشی منڈی میں رواں سال نئے بلاکس تیار کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: سندھ حکومت نے مویشی منڈیوں کو جاری نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا
ترجمان مویشی منڈی ذکی ابڑو کا کہنا تھا کہ ’رواں سال مویشی منڈی میں 6 لاکھ سے زائد مویشیوں کی گنجائش کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے‘۔
انہوں نے بتایا کہ مویشی منڈی آنے والے ہرشخص کوماسک لازمی پہنچا ہوگا، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیر صحت سندھ کے تحفظات
دریں اثنا صوبائی وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیجوہو نے مویشی منڈی لگنے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’لوگوں کی نقل و حرکت کی وجہ سے صوبے میں کرونا پھیلنے کا خدشہ ہے، حکومت متبادل انتظام کے حوالے سے سوچ رہی ہے‘۔