لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کی بدولت کرونا مریضوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی، وزیراعظم کا اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ فائدہ مند ثابت ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں گورنر پنجاب نے شہریوں کو خبردار کیا کہ مویشی منڈیوں سے کرونا کے دوبارہ پھیلنے کا خطرہ ہے، وبا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں، چیلنجز بہت زیادہ ہیں، احتیاطی تدابیر اپناتے رہیں۔
انہوں نے کہا کہ انسانی جانیں قیمتی ہیں عوام سے درخواست ہے احتیاط کریں، عید کے موقع پر عوام کو بے حد احتیاط کی ضرورت ہے، کرونا سے بچاؤ اور آگہی کے لیے علما بھی اپنا کردار ادا کریں۔
مویشی منڈیاں کہاں قائم کی جائیں گی، حکومت کی ہدایات جاری
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوشاں ہے، ملک اور معیشت مضبوط ہوگی تو ہم سب مضبوط ہوں گے، عوام کو چاہیے کہ وہ ہر ممکن حکومت سے تعاون جاری رکھیں۔
خیال رہے کہ ملک بھر میں 24گھنٹے کے دوران کرونا وائرس سے 61افراد انتقال کرگئے، پاکستان میں وبا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 4ہزار983ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے این سی اوسی کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملک میں24 گھنٹےکے دوران کرونا کے3ہزار359کیسز رپورٹ ہوئے، پاکستان کے مختلف اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں کرونا کے90ہزار594مریض زیرعلاج ہیں جبکہ کرونا سے صحت یاب افراد کی تعداد ایک لاکھ45ہزار311ہوگئی ہے۔