لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہائی پرفارمنس ڈیپارٹمنٹ نے 24 کھلاڑیوں کو ہائی پرفارمنس کیمپ کے لیے لاہور مدعو کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ہائی پرفارمنس سینٹر میں پی ایس ایل میں شرکت نہ کرنے والے اور ڈومیسٹک میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔
کیمپ میں شامل کیے گئے کھلاڑیوں میں اظہر علی، عبداللہ شفیق، احمد بشیر ،اسد شفیق ، عابد علی، بسم اللہ خان ، فواد عالم ، حماد اعظم ، حارث سہیل ،حسن خان ، عمران بٹ ، عرفان اللہ ، کامران غلام ، خرم شہزاد ، محمد عباس ، کے علاوہ نعمان علی ، ریحان آفریدی ، ساجد خان ، سلمان ارشاد ،سعود شکیل ، تابش خان ، تاج ولی ، عمر خان اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ کل سے شروع ہونے والے کیمپ میں کوچز کھلاڑیوں کی فٹنس بہتر کرنے اور تکنیکی خامیوں پر قابو پانے کی کوشش کریں گے۔
بورڈ کا کہنا ہے کہ نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کھلاڑیوں کے ساتھ کام کریں گے، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق اور وقار یونس بھی کیمپ میں دستیاب ہوں گے۔