جمعہ, نومبر 15, 2024
اشتہار

’’سی سی آئی اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر چلنے کا عملی ثبوت ہے‘‘

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل(سی سی آئی) اجلاس وزیراعظم کا تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلنے کا عملی ثبوت ہے، اجلاس ترقی کے ثمرات ملک بھر میں پہنچانے کا بھی ضامن ہے۔

تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ وزیراعظم عوام کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے، دہائیوں سے تاخیر کے شکار معاملات پر مفاہمت سے سیر حاصل گفتگو ہوئی، اجلاس میں تاخیر کے شکار معاملات پر گفتگو سے اتفاق رائے میں پیشرفت ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں تمام وزرائےاعلیٰ نے شرکت کی، ملکی قیادت قومی امور سمیت عوامی فلاح اور ترقی کے لیے یکسو ہیں، وزیراعظم نے گیس رائلٹی اور صوبوں میں پانی کی منصفانہ تقسیم کی ہدایات دیں۔

- Advertisement -

ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی میٹری نظام پانی کی منصفانہ تقسیم میں معاون ثابت ہوگا، یکساں تعلیم کے مقصد کو باہمی مشاورت سے طے کرنے پر اتفاق خوش آئند ہے، اجلاس میں حویلی بہادر شاہ اور بلوکی پاور پلانٹ کی نجکاری سے آگاہ کیا گیا۔

فردوس عاشق کا مزید کہنا تھا کہ واپڈا چیف ایگزیکٹو کے لیے قابل شخصیت کے انتخاب کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت مشترکہ مفادات کونسل کا گزشتہ روز اجلاس ہوا، اجلاس میں ایکسپلوریشن اینڈپروڈکشن پالیسی 2012 کی منظوری دے دی گئی، اجلاس میں صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم کا جائزہ لیا گیا، اور صوبوں میں پانی کی تقسیم پر تفصیلی گفتگو بھی ہوئی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا اور وزیراعلیٰ سندھ کی پانی پرنوک جھوک ہوئی، فیصل واوڈا کی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ساتھ بھی تکرار ہوئی۔ مشترکہ مفادات کونسل نے آبی معاہدے پر دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں آبی وسائل پر صوبوں کے درمیان کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، سی جے کنال کا معاملہ اگلے اجلاس تک مؤخر کردیا گیا، وزیراعظم نے پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے فوری ٹیلی میٹرز نصب کرنے کی ہدایت کی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں