لاہور: محکمہ پنجاب کے وارڈن نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور کا چالان کر دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سی سی پی او لاہور سادہ لباس میں پنجاب کے دارالحکومت میں تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کی کارکردگی کو دیکھنے کے لیے دورے پر روانہ ہوئے۔
دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرتا دیکھ کر ٹریفک پولیس اہلکار نے سی سی پی او لاہور عمر شیخ کی گاڑی کو روکا اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اُن کا چالان کردیا۔
ٹریفک پولیس اہلکار نے آفیسر کو بتایا کہ دوران ڈرائیونگ موبائل استعمال کرنا جرم ہے اور پھر اُس نے پانچ سو روپے کا چالان عمر شیخ کے حوالے کردیا۔ اس دوران سی سی پی او نے اہلکار کو اپنا تعارف نہیں کرایا۔
بعد ازاں عمر شیخ نے اپنا چالان جمع کرویا اور پھر سٹی وارڈن کو اپنے دفتر بلا کر اُس کی حوصلہ افزائی کی۔ سی سی پی او نے ایمانداری اور جانفشانی سے کام کرنے پر اہلکار کو تعریفی اسناد سے بھی نوازا۔
عمر شیخ نے شمالی کنٹومنٹ پولیس اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور پولیس ریکارڈ کو چیک کیا۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او کا کہنا تھا کہ میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی ہدایت پر پولیس افسران کی کارکردگی کو دیکھنے کے لیے دورے پر روانہ ہوا تھا، میں ناراض افسران کو مناؤں گا اور سب کے ساتھ مل کر شہر کو مزید بہتر بناؤں گا‘۔