کراچی: شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز موبائل پر حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں رینجرز موبائل پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 5 افراد زخمی ہوئے تھے، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی رینجرز موبائل آئی تو زور دار دھماکا ہوا، دھماکے سے رینجرز موبائل اور اطراف میں کھڑی گاڑیوں، دکانوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی سمیت اہم شواہد مل گئے ہیں، دھماکے سے چند منٹ قبل دو حملہ آوروں نے موٹر سائیکل لاکر کھڑی کی، ایک حملہ آور دور چلا گیا، دوسرا رینجرز موبائل آنے تک لوگوں کو دور کرتا رہا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ رینجرز، پولیس کی مشترکہ پکٹ دھماکے سے کچھ فاصلے پر لگی ہوئی تھی، دھماکا خیز مواد میں شامل بال بیرنگ کی تعداد کئی گنا زیادہ تھی۔
حکام کے مطابق دھماکے میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل کا ریکارڈ کلیئر ہے، موٹر سائیکل مجاہد کالونی کے رہائشی شخص کے نام پر رجسٹرڈ ہے، ممکنہ طور پر بارودی مواد موٹر سائیکل کی ٹنکی میں بھرا ہوا تھا۔
واضح رہے کہ اورنگی ٹاؤن میں اسنیپ چیکنگ کے دوران رینجرز اور پولیس پر حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں ایک رینجرز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا تھا، حملے میں تین شہری بھی زخمی ہوئے تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔