غزہ جنگ بند کرنے کے لیے آج معاہدہ کا اعلان متوقع ہے اسرائیل اپنے ہر یرغمالی کے بدلے 50 فلسطینی قیدی کرنے پر رہا کرنے پر تیار ہو گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں 15 ماہ سے جاری جنگ بند کرنے کے لیے دوحہ میں 16 دن سے مذاکرات جاری ہیں اور اس آج اس حوالے سے معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل اپنے ہر یرغمالی کے بدلے 50 فلسطینی قیدی رہا کرنے پر تیار ہو گیا ہے۔ معاہدے کے حوالے سے فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ شرائط کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے تین مراحل ہوں گے۔ پہلے مرحلے میں 42 دن کیلیے لڑائی بند کی جائے گی۔ حماس 34 یرغمالیوں کو رہا کرے گی اور اسرائیل اپنے ہر یرغمالی کے بدلے 50 فلسطینی قیدیوں کو رہا کرے گا جب کہ اسرائیل فلاڈیلفی کوریڈور سے بھی دستبردار ہوگا۔
جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے میں تمام قیدیوں کورہا کیا جائے گا جب کہ تیسرے اور آخری مرحلے میں غزہ کی تعمیر نو اور حکومت سازی کی جائے گی۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں بمباری کے نتیجے میں مزید 50 فلسطینی شہید ہوگئے۔ 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں 46 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے جب کہ غزہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔