کراچی: اپریل کے مہینے میں سیمنٹ کی ایکسپورٹ میں 34 فیصد کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، فرووخت ڈھائی ملین ٹن تک پہنچ گئی۔
آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی جانب سے اعدادوشمار جاری کردیے گئے ہیں جس کے مطابق اپریل کے دوران مقامی سیمنٹ کی فروخت 2.516 ملین ٹن رہی، دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال اپریل میں 2.337 ملین ٹن کے مقابلے میں فروخت 7.64 فیصد زائد ہے۔
سیمنٹ کی برآمدات میں 34.56 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، گزشتہ سال کے مقابلے میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 13.24 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی دستاویز میں مزید بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ سیمنٹ کی مجموعی فروخت 37.336 ملین ٹن رہی۔
خیال رہے کہ سیمنٹ سیکٹر سے سیلز ٹیکس کی وصولی کا نیا نظام نافذ کیا گیا ہے، کم از کم ریٹیل قیمت کا اطلاق یکم مئی 2025 سے ہوگا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیمنٹ سیکٹر سے سیلزٹیکس کی وصولی کے حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، جس میں سیلز ٹیکس وصولی کے لیے سیمنٹ کی کم از کم ریٹیل قیمت مقرر کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ سیمنٹ کی کم ازکم ریٹیل قیمت ادارہ شماریات کی قومی اوسط قیمت کے مطابق ہوگی، ایف بی آر نے کہا کہ قیمت ہر ماہ کی یکم اور 16 تاریخ سے پہلے جاری ہفتہ وار رپورٹ کی اوسط قیمت کے مطابق ہوگی۔