مقامی سیمنٹ کی ترسیلات میں نومبر میں معمولی اضافہ ہوا، سیمنٹ انڈسٹری نے مقامی طلب بڑھانے کیلئے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہا کہ سیمنٹ کی فروخت، خاص طور پر مقامی طلب میں اضافہ کے لیے ٹیکسز اور ڈیوٹیز میں کمی ناگزیر ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ڈیوٹی ٹیکسز میں کمی سے قیمتوں میں کمی آئے گی اور طلب میں اضافہ ہوگا، ڈیوٹی ٹیکسز کم کرکے سیمنٹ سیکٹر کی غیر استعمال شدہ پیداواری صلاحیت کا فائدہ اٹھایا جاسکے گا۔
پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نومبر 2024 کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت میں 5.58 فیصد کا اضافہ ہوا، نومبر میں سیمنٹ کی مجموعی فروخت 4.146 ملین ٹن رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں فروخت 3.927 ملین ٹن رہی تھی۔
پاکستان میں سیمنٹ اور سریے کی نئی قیمت کتنی ہے؟
نومبر 2024 میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 2.39فیصد اضافہ سے 3.342 ملین ٹن رہیں جو کہ نومبر 2023 میں 3.264 ملین ٹن تھیں، نومبر میں برآمدات 21.27 فیصد اضافہ کے ساتھ 662,374 ٹن سے بڑھ کر 803,258 ٹن ہوگئیں۔
موجودہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ کی مجموعی فروخت مقامی میں فروخت اور برآمدات کو ملاکر 18.779 ملین ٹن رہی۔
پانچ ماہ میں مقامی سیمنٹ کی فروخت 11.61 فیصد کمی سے 14.752 ملین ٹن رہی، جو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 16.690 ملین ٹن ریکاڈ کی گئی تھی، پانچ ماہ کی برآمدات میں 28.73 فیصد کا اضافہ ہوا، برآمدات 3.128 ملین ٹن سے بڑھ کر 4.027 ملین ٹن ہوگئیں۔