اسلام آباد: مردم شماری پر تحفظات کے باعث ادارہ شماریات نے پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ کے لیے بلا لیا۔
تفصیلات کے مطابق ساتویں قومی مردم شماری پر اسٹیک ہولڈرز کے تحفظات کے اظہار کے بعد وفاقی ادارہ شماریات نے تمام پارلیمانی جماعتوں کو بریفنگ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، اور بی این پی کے وفاقی وزرا کو بریفنگ میں شرکت کی دعوت دی ہے، جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمٰن، جے یو آئی کے مولانا اسعد محمود اور ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی بھی بریفنگ میں شریک ہوں گے۔
چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ کو بھی بریفنگ میں مدعو کیا گیا ہے، وفاقی وزرا نوید قمر، اسرار ترین، شاہ زین بگٹی اور خالد مگسی کو بھی مردم شماری سے متعلق بریفنگ میں بلایا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے حکام پارلیمانی جماعتوں کو ساتویں مردم شماری پر صورت حال سے آگاہ کریں گے، ممبر سپورٹ سروسز سرور گوندل نے پارلیمانی جماعتوں کو خطوط ارسال کر دیے۔
وفاقی ادارہ شماریات میں بریفنگ آج تین بجے ہوگی، زوم لنک پر بھی شرکا بریفنگ میں شامل ہو سکیں گے۔